اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پٹرولیم گیس کمپنیاں پاکستان میں 5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کریں گی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف آج کراچی کا دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز پیٹرولیم اور گیس کی تلاش اور پیداواری کمپنیوں کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات اور اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔
خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ چین سے معاہدوں میں عملدرآمد پر تعطل برداشت نہیں کریں گے، نگرانی خود کروں گا۔ مقامی ذخائر کی پیداوار سے پاکستان قیمتی زرِ مبادلہ بچا سکے گا اور عام آدمی سستا ایندھن اور گیس استعمال کرے گا۔
اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پیٹرولیم اور گیس کی تلاش اور پیداواری کمپنیوں کو آف شور ذٰخائر کی تلاش کی دعوت دے دی ۔ پیٹرولیم اور گیس کی تلاش و پیداواری کمپنیوں نے آئندہ 3سال میں ملک میں 5ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کردیا۔
دورہ کراچی
نجی ٹی وی جیو نیوز کا ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج کراچی کا دورہ کریں گے اور ایک اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ وزیراعظم کو میری ٹائم افیئرز پر بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو پی این ایس سی اور پورٹ قاسم پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ اس سے قبل بھی وزیراعظم شہباز شریف کراچی کا دورہ کرچکے ہیں جس کے دوران انہوں نے مزارِ قائد پر حاضری دی تھی اور فاتحہ خوانی بھی کی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








