پشاور میں تیزاب گردی کے واقعات تشویشناک حد تک بڑھ گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

تیزاب گردی
(فوٹو: اسکرین گریب)

خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں تیزاب گردی کے واقعات تشویشناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔ حال ہی میں ایک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے رکشے میں جاتی ہوئی خواتین کو تیزاب گردی کا نشانہ بنایا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو خواتین پر تیزاب پھینکتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ افسوسناک واقعہ پشاور کی آبدرہ روڈ پر پیش آیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دو موٹر سائیکل سوار رکشے کا تعاقب کرتے نظر آئے۔ ملزمان نے آبدرہ روڈ پر پہنچتے ہی رکشے میں سوار خواتین پر تیزاب پھینک دیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو تیزاب پھینکنے کے بعد فرار ہوتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج مل جانے کے باوجود بھی پشاور پولیس ملزمان کی گرفتاری میں ناکام ہے۔ کسی ایک بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیاجاسکا۔

تیزاب گردی کے نتیجے میں رکشے پر سوار خواتین کے چہرے جھلس گئے اور متاثرہ خواتین ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ایک متاثرہ خاتون نے اپنے سابق شوہر پر تیزاب گردی کا الزام عائد کیا ہے۔

رواں ماہ کے آغاز میں ہی پشاور پولیس نے 20 سالہ لڑکی پر تیزاب پھینکنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔ یہ واقعہ رنگ روڈ پر پیش آیا۔ نوجوان ملزم نے جواں سال لڑکی پر تیزاب پھینک کر زخمی کردیا تھا۔

متاثرہ لڑکی شدید زخمی حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردی گئی۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے محبت میں ناکامی پر یہ قدم اٹھایا تھا۔

Related Posts