معروف انڈین فلم رائٹر جاوید اختر کس عظیم عالم دین کی نسل سے ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو اکنامک ٹائمز

انڈیا کے مشہور فلمی گیت نگار، فلم رائٹر اور پاکستان کے خلاف متعصبانہ سوچ کیلئے پہچانے جانے والے جاوید اختر کو اپنے ہی دیش میں ’غدار کا بیٹا‘ سننا پڑ گیا، جس پر جاوید اختر نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق جاوید اختر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر امریکی صدر جو بائیڈن کے بارے میں پوسٹ کی۔

جاوید اختر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ مجھے انڈین شہری ہونے پر فخر ہے اور آخری سانس تک میں انڈین شہری رہوں گا لیکن مجھ میں اور جو بائیڈن میں ایک مشترکہ فیکٹ ہے۔ ہم دونوں کے امریکہ کا صدر بننے کے برابر کے امکانات ہیں۔

اس پوسٹ پر ایک انڈین صارف نے نفرت آمیز تبصرہ کرتے ہوئے جاوید اختر پر الزام لگایا کہ وہ ایک غدار کے بیٹے ہیں جنہوں نے مذہب کے نام پر قوم کو تقسیم کیا ہے۔

صارف کے اس کمنٹ پر جاوید اختر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ یہ بات سمجھنا یہاں بہت مشکل ہے کہ آیا کیا آپ جاہل ہیں یا مکمل طور پر احمق ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 1857 سے میرا خاندان آزادی کی تحریک میں پیش پیش رہا اور جیل اور کالا پانی میں قید بھگتی ہے، تب شاید آپ کے باپ دادا انگریزوں کے جوتے چاٹ رہے تھے۔

79 برس کے جاوید اختر اپنے زمانے کے مشہور شاعر جاں نثار اختر اور مصنفہ صفیہ سراج الحق کے بیٹے ہیں جو انڈیا کی آزادی سے قبل ترقی پسند رائٹرز کی مہم کا حصہ تھے۔

مجاہد آزادی علامہ فضل حق خیر آبادی سے جاوید اختر کا رشتہ

بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ جاوید اختر کا تعلق ہندوستان کی آزادی کے ممتاز مجاہد علامہ فضل حق خیر آبادی کے خاندان سے ہے۔ علامہ فضل حق خیر آبادی آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کے ہم نشین اور اردو کے استاد شاعر مرزا غالب کے دوست تھے۔ علامہ فضل حق خیر آبادی جاوید اختر کے لکڑ دادا ہیں۔

علامہ فضلِ حق خیر آبادی ایک عظیم عالم دین اور فلسفی تھے۔ انہوں نے 1857 کی جنگ آزادی میں برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کے خلاف حصہ لیا اور انہی کے فتوے پر ہندوستان بھر میں انگریزوں کے خلاف جنگ شروع ہوئی۔

جس کی پاداش میں انگریزوں نے علامہ فضلِ حق خیرآبادی کو کالا پانی کی جیل میں قید کیا  جہاں وہ 1864 میں انتقال کر گئے۔

علامہ فضل خیر آبادی کے بیٹے علامہ عبد الحق تھے۔ ان کے بیٹے یعنی علامہ فضل حق خیر آبادی کے پوتے اردو کے معروف شاعر مضطر خیر آبادی جاوید اختر کے دادا ہیں۔ جاوید اختر کے والد جان نثار اختر بھی اپنے زمانے کے بڑے فلمی گیت نگار اور شاعر تھے۔

Related Posts