واٹس ایپ میں وائس مسیج نہ سن سکیں تو؟ نیا فیچر متعارف

تازہ ترین

تازہ ترین

واٹس ایپ
(فوٹو: آن لائن)

اگر آپ واٹس ایپ میں وائس مسیج نہ سن سکیں تو ایسے صارفین کیلئے واٹس ایپ نے ایک نیا فیچر متعارف کرادیا ہے جس کی مدد سے مسیج سنے بغیر اس کے متعلق آگہی حاصل کی جاسکتی ہے۔

ایک حالیہ رپورٹ واٹس ایپ بیٹا انفو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ کے اینڈرائڈ بیٹا ورژن میں وائس مسیج ٹرانسکرپشن کا فیچر متعارف کرادیا گیا ہے۔ ٹرانسکرپشن کے ذریعے وائس مسیج میں جو بھی کچھ کہا گیا ہوگا، وہ تحریری صورت میں دستیاب ہوسکے گا۔

انٹرنیٹ اور کمپیوٹر کی دنیا میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی آمد سے انقلاب برپا ہوچکا ہے اور واٹس ایپ میں بھی اے آئی کے فیچرز متعارف کرائے جارہے ہیں۔ وائس ٹرانسکرپشن کا فیچر مئی 2023 میں آئی او ایس ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں دیکھا گیا تھا۔

اینڈرائڈ کے بیٹا ورژن میں اب دستیاب ہونے والا یہ فیچر ایسے صارفین کو بھی کام آسکے گا جن کی سماعت اچھی نہ ہو یا وہ خدانخواستہ سماعت سے محروم ہوچکے ہوں یا پھر ان کے پاس مسیج سننے کا وقت نہ ہو۔ بعض اوقات دفتر میں بیٹھے افراد بھی مسیج نہیں سن سکتے۔

ایسے میں وائس مسیج ٹرانسکرپشن کے فیچر سے مسیج کا مواد حاصل کیا جاسکے گا۔ رپورٹ کے مطابق محدود صارفین کو دستیاب یہ فیچر جلد عام صارفین کو بھی دستیاب ہوسکے گا۔ فیچرکے اسکرین شاٹ سے پتہ چلتا ہے کہ وائس مسیجز کا ترجمہ بھی کیا جاسکے گا۔

Related Posts