اسلام آباد: عدالت نے دورانِ عدت نکاح کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے سزا کالعدم قرار دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت نے عدت میں نکاح کیس سے متعلق عمران خان کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں منظور کرلیں۔ ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
اپیلیں منظور ہونے پر ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کو دورانِ عدت نکاح کیس سے بری کردیا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ملزمان کو رہا کیا جائے۔
فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر ملزمان کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو فوری رہا کیا جائے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی رہائی کے روبکار بھی جاری کردئیے۔
قبل ازیں سول جج نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو دورانِ عدت نکاح کیس میں 7، 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ عدالت نے میڈیکل بورڈ اور علماء کی رائے سے متعلق دونوں درخواستیں مسترد کردیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان سائفر کیس کے علاوہ توشہ خانہ فوجداری کیس میں بھی تمام تر الزامات سے بری ہوچکے ہیں تاہم عمران خان 190ملین پاؤنڈ کیس میں ضمانت پر ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








