اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عمران خان کے حق میں دورانِ عدت نکاح کیس کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم عدلیہ کو سلام پیش کرتے ہیں اور یہ فیصلہ عدلیہ کی آزادی کیلئے ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے دورانِ عدت نکاح کیس میں دی گئی سزا معطل کردی۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس فیصلے سے ملک کی عدلیہ مضبوط ہوگی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہی وہ عمران خان کا ویژن ہے کہ ہم چاہتے ہیں قانون کی بالادستی ہو اور آئین کی حکمرانی ہو۔
گفتگو کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کا ویژن ہے کہ ملک کی عدلیہ آزاد ہو۔ کسی بے گناہ کو سزا نہ دی جائے۔ یہ وہ بے بنیاد کیس تھا جو ہمارے ہوتے ہوئے صرف پاکستان کی تاریخ میں 2 دن کے اندر یہ مکمل ہوگیا تھا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جج صاحب اس کیس کی چودہ چودہ گھنٹے تک سماعت کرتے تھے۔ عمران خان پر سب سے زیادہ جرمانہ عائد کیا گیا۔ آج دنیا نے دیکھ لیا کہ اس کیس میں مقصد یہی تھا کہ عمران خان کو مجبور کیا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ آج بھی میری ملاقات اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ہوئی تھی۔ میں نے بشریٰ بی بی سے بھی ملاقات کی۔ عمران خان کل کے فیصلے سے بھی بہت خوش تھے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے کیس میں ہماری فتح ملک کی فتح ہے۔ قوم کو آزاد عدلیہ مبارک ہو۔ یہ وہ کیس تھا جس کی کوئی بنیاد نہیں تھی۔ یہ صرف اور صرف عمران خان کی ساکھ کو چیلنج کرنے کیلئے بنایا گیا کیس تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








