پاکستان میں گوگل اسمارٹ اسکولز کا منصوبہ، کہاں قائم ہوں گے، کیا کیا سکھایا جائے گا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو جی این این

انٹرنیٹ سرچ انجن اور ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پاکستان میں 50 کے قریب اسمارٹ اسکول قائم کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اِن اسکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کو آن لائن تعلیم کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔

اسمارٹ اسکولوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال، اساتذہ اور طلبہ کے درمیان بہتر روابط قائم کرنے اور ان کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل ٹولز کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

موقر اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی کا کہنا ہے کہ گوگل اسمارٹ اسکول کے حوالے سے اساتذہ کی ٹریننگ کے لیے خصوصی ورک شاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ گوگل فار ایجوکیشن ٹیم وزارت تعلیم کے ساتھ مل کر اس منصوبے پر عمل درآمد کروائے گی۔

اس منصوبے میں ایک پبلک گوگل ریفرنس اسکول کا قیام، دو ہزار نوجوانوں کو گوگل کیریئر سرٹیفکیٹس کے ذریعے ملازمت کے لیے ہنر کی تربیت اور ہوسٹنگ پر ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا۔

ابتدائی طور پر اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز میں ’گوگل سینٹر آف ایکسیلنس‘ قائم کیا جائے گا۔ جس میں گوگل فار ایجوکیشن کے جدید طریقوں پر اساتذہ اور طلبہ کو کلاسز دی جائیں گی۔

وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ مذکورہ اسکول میں طالبات کو آن لائن تعلیم حاصل کرنے کے طریقوں سے روشناس کرایا جائے گا۔ اس کے بعد  اِن اسمارٹ اسکولوں کا دائرہ کار اسلام آباد کے دیگر اسکولوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔

سیکریٹری وزارت تعلیم کے مطابق یہ گوگل اسمارٹ اسکول پاکستان میں گوگل فار ایجوکیشن ٹریننگ کا مرکز ہو گا جس کے بعد ایسے دوسرے اسکول بھی کھولے جائیں گے۔

Related Posts