امام حسین نے ظالم حکمران کیخلاف کلمہ حق بلند کیا، آصف زرداری

تازہ ترین

تازہ ترین

President's message regarding Ashura Day

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ امام حسین کی شہادت امت مسلمہ کیلئے عظیم درس ہے، موجودہ دور میں ہمیں واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظلم و جبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

یوم عاشورہ 10محرم الحرام کے موقع پر جاری پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یومِ عاشورہ کو اسلامی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ یہ دن رسول اللہ ۖ کے نواسے حضرت امام حسین کی میدان ِکربلا میں شہادت کی یاد تازہ کرتا ہے۔

آج کے دن امام حسین اور ان کے وفادار ساتھیوں نے ظلم اور جبر کے خلاف ڈٹ کر اسلامی اقدار کے احیا اور امت ِمسلمہ کے حقوق کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ امام حسین کی شہادت امت مسلمہ کے لیے عظیم درس ہے۔

حضرت امام حسین نے شدید دبائو اور مشکلات کے باوجود ظالم اور جابر حکمران کے خلاف کلمہ ِحق بلند کیا۔ آپ اور آپ کے ساتھیوں نے اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے جرات مندانہ موقف اپنایا اور ظلم اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ گئے۔

آپ نے امت ِمسلمہ کو ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور آزمائشوں کے سامنے ثابتِ قدم رہنے کا درس دیا۔صدر مملکت نے کہا کہ امام حسین اور آپ کے بہادر ساتھی ظلم کے خلاف مزاحمت کی عظیم مثال ہیں، آپ نے دین کی خاطر جان اور اپنے اہل و عیال کی قربانی تو گوارا کی مگر ظالم کے آگے سر نہ جھکایا،آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے اوریہی قربانیاں اہل ِایمان کے جذبات کو امتحان وابتلا کے وقت میں جلا بخشتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی آزمائشوں اور مصائب کا سامنا ہے۔ فلسطینی اور کشمیری عوام جبر کے خلاف ، انصاف اور آزادی کے اصولوں کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرتے ہوئے سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

یہ جدوجہد ان لوگوں کے پائیدار عزم و استقلال اور جذبے کا ثبوت ہے ۔ صدر نے کہا کہ موجودہ دور میں ہمیں واقعہ کربلا سے سبق سیکھتے ہوئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ظلم وجبر اور باطل قوتوں کے خلاف کھڑے ہونے کی ضرورت ہے۔

ہمیں قوم کی فلاح اور بہتری کی خاطر ذاتی مفادات کو ایک طرف رکھتے ہوئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ میں پوری پاکستانی قوم سے صبراور محنت کرنے اور انصاف کیلئے کھڑے ہونے کی اپیل کرتا ہوں۔

ہمیں غریبوں اور ناداروں کی ضروریات کا خیال رکھنا چاہیے اوراللہ تعالی سے دعا کرنی چاہیے کہ وہ پاکستان کو مشکلات سے نکالے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں امام حسین کی پیروی کرنے کی توفیق عطا فرمائیاور پاکستان کو ترقی اور خوشحالی سے نوازے۔

Related Posts