کراچی:نواسہ رسول جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اوران کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق وصداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں یوم عاشور آج دسویں محرم الحرام کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔
ملک بھرکی طرح کراچی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس برآمد ہورہے ہیں۔کراچی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس آج نشترپارک سے برآمد ہوا،جلوس سے قبل یوم عاشور کی مرکزی مجلس صبح نشرر پارک میں منعقد ہوئی، مجلس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔
مجلس عزا کے اختتام پر بوتراب اسکاٹس کی قیادت میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہواا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
مرکزی جلوس عزا میں علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح کی زیارات ہونگی،معروف ماتمی انجمنیں نوحہ خوانی و سینہ زنی کریں گی۔مرکزی جلوس کے راستوں میں پانی اور دودھ کی سبیلیں لگائی گئی ہیں،نیاز و تبرک بھی تقسیم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔
مرکزی جلوس عزا کی سیکورٹی کیلئے پولیس، رینجرز دیگر سیکورٹی اداروں سمیت اسکاٹس موجود ہونگے۔ مرکزی جلوس کے دوران امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام باجماعت نماز ظہرین ادا کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








