کس صوبے کی آبادی کتنی؟ کتنے افراد پڑھے لکھے؟ ادارہ شماریات کی رپورٹ جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

شماریات کی رپورٹ
(فوٹو: روزنامہ پاکستان)

اسلام آباد: پاکستان کی ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں پاکستان کو دنیا کا پانچواں گنجان آباد ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ساتویں ڈیجیٹل مردم و خانہ شماری رپورٹ کے اجراء کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی جس کے مطابق پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 14 لاکھ 90 ہزار ہے جس میں سے خیبر پختونخوا کی آبادی 4 کروڑ 8 لاکھ 6 ہزار ہے۔

سب سے زیادہ آبادی پنجاب کی ہے جہاں 12 کروڑ 76 لاکھ 9 ہزار نفوس بستے ہیں۔ سندھ کی آبادی 5 کروڑ 57 لاکھ ہے۔چیف شماریات نعیم الظفر نے کہا کہ ملک کے صوبائی دارالحکومتوں میں زیادہ آبادی ہے جن میں کراچی سب سے آگے ہے۔

چیف شماریات نے بتایا کہ  کراچی کی آبادی 2 کروڑ 40 لاکھ ہو گئی ہے جبکہ لاہور کی آبادی ایک کروڑ 30 لاکھ، پشاور کی آبادی 47  لاکھ اور کوئٹہ کی آبادی 25 لاکھ، فیصل آباد کی 36 لاکھ 90 ہزار، راولپنڈی کی آبادی 33 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔

اسی طرح ملتان کی آبادی 26 لاکھ ہے جبکہ مردان کی 27 لاکھ، سوات کی 26 لاکھ، صوابی کی آبادی 18 لاکھ اور چارسدہ کی آبادی 18 لاکھ ہے۔حیدرآباد کی آبادی 19 لاکھ جبکہ سکھر اور لاڑکانہ کی آبادی 5 لاکھ بتائی گئی ہے۔

ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ بلوچستان کے شہر کیچ کی آبادی 10 لاکھ، خضدار کی آبادی 9 لاکھ، پشین کی 8 لاکھ اور لسبیلہ کی 6 لاکھ ہے۔سروے میں پہلی بار معذور افراد کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا گیا جس کے مطابق پاکستان میں کل آبادی کا 3.10 فیصد معذور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  3.30 فیصد مرد، 2.88 خواتین معذور ہیں۔ ملک میں شرح آبادی میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں شرح آبادی 2.5 فیصد ہے، ملک میں آبادی میں اضافہ مستقبل میں مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دیہی آبادی 61 فیصد اور شہری آبادی 39 فیصد ہوچکی ہے۔ ملک میں شادی شدہ افراد کی 66 فیصد ہے، پاکستان میں آبادی بڑھنے کی شرح خطے سمیت دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق  موجودہ شرح کے مطابق 2050 تک پاکستان کی آبادی دوگنا ہونے کا خدشہ ہے، 2017 کے بعد سب سے زیادہ آبادی کی نمو 2023 میں ریکارڈ ہوئی۔پاکستان میں 21 لاکھ 26 ہزار 79 افغان، بنگالی، چینی اور دیگر غیر ملکی بھی رہائش پذیر ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں 87 لاکھ ہندو، مسیحی، احمدی اور دیگر مذہب کے لوگ بھی آباد ہیں۔پاکستان میں شرحِ خواندگی 61 فیصد ہے، 68 فیصد مرد اور 53 فیصد خواتین پڑھی لکھی ہیں، 5 سے 16 سال تک کے 2 کروڑ 53 لاکھ 70 ہزار بچے اسکول نہیں جاسکے۔

، پنجاب میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد 96 لاکھ، سندھ میں 78 لاکھ تک ہے، خیبر پختونخوا میں 49 لاکھ بچے اور بلوچستان میں 50 لاکھ سے زائد بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں۔ضرورت اس بات کی ہے کہ تعلیم کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

Related Posts