معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ اگر شوہر ہاتھ اٹھائے تو بیوی کو چاہئے کہ اسے چھوڑ دے۔تشدد جسمانی بھی اور ذہنی بھی ہوتا ہے جس کا خواتین اپنے لواحقین کو بتا بھی نہیں سکتیں۔
اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو میں اینکر عائشہ جہانزیب سمیت دیگر خواتین پر تشدد پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ خواتین کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنا کر انزائٹی کا مریض بنادیا جاتاہے۔ مجھ پر کوئی جسمانی تشدد نہیں ہوا تھا۔
ویڈیو میں اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ جسمانی تشدد نہ ہونے کے باوجود میں نے اظہار میں وقت لگا دیا۔ آج کے دور میں تو لڑکیاں خودمختار اور تعلیم یافتہ ہیں۔ میرا مشورہ ہے کہ اگر آپ تشدد سے بھرپور زندگی سے نکل سکتی ہیں تو نکل جانا چاہئے۔
سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ اگر شوہر ایک بار بازو مروڑے یا چٹکی بھرے تو خواتین کو سمجھنا چاہئے کہ شوہر کا ہاتھ کھل چکا ہے۔ اگر اپنی عزتِ نفس کیلئے ، اپنے لیے یا بچوں کیلئے ایسے رشتے سے نکل سکتی ہیں تو آپ کو نکل جانا چاہئے۔
اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں ایسے والدین پر بھی غصہ کرتی ہوں جو تشدد کے باوجود بیٹیوں کو سمجھا بجھا کر واپس ان کے شوہر کے گھر بھیج دیتے ہیں۔ شوہر کو بھی اگر بیوی اچھی نہ لگے تو چھوڑ دیں، لیکن قتل نہ کریں، نہ ہی تشدد کا نشانہ بنائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








