گلوبل ٹی 20 لیگ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم سمیت قومی کرکٹ ٹیم کے 3 کھلاڑیوں کو این او سی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی گلوبل ٹی 20 لیگ کیلئے کپتان بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو این او سی جاری نہیں کرے گا۔ کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تینوں کھلاڑیوں نے گلوبل ٹی 20 کیلئے این او سی کی درخواست کی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگست 2024 سے مارچ 2025 کے دوران پاکستان کے مصروف کرکٹ کیلنڈر کو دیکھتے ہوئے تینوں کھلاڑیوں کے متعلق قومی سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کی گئی اور درخواستیں مسترد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹ کیلنڈر میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ اور آئندہ سال چیمپینز ٹرافی 2025 کو دیکھتے ہوئے درخواستیں مسترد کی گئیں جبکہ یہ تینوں کھلاڑی تمام 3 فارمیٹس کے کرکٹرز ہیں۔ آئندہ 8ماہ میں ان کی خدمات درکار رہنے کی توقع ہے۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان 8 ماہ میں 9 ٹیسٹ، 14 ون ڈے اور 9 ٹی 20 میچز کھیلے گا۔ پی سی بی کی ورک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے مطابق یہ کرکٹ اور کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ کینیڈا میں ہونے والا آئندہ ایونٹ چھوڑ دیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے دی 100 کیلئے نسیم شاہ کو بھی این او سی دینے سے انکار کردیا تھا جبکہ آصف علی، افتخار احمد، محمد عامر اور محمد نواز کو این او سی دینے کی منظوری دے دی گئی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








