لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ فیصلے کے تناظر میں کہا ہے کہ فیصلے ضمیر نہیں، آئین کے مطابق ہونے چاہئیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ میں سپریم کورٹ کے ججز سے یہ عرض کرنا چاہتی ہوں کہ ملک کو چلنے دیں۔ جس شخص کو آپ واپس لانا چاہتے ہیں، وہ شخص اس قوم کا مجرم ہے۔ آپ کیلئے یہ ہم اتنا آسان نہیں ہونے دیں گے۔
بیان میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ حکومت اپنی 5 سال کی مدت پوری کرے گی اور جس نے اسے غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی، اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ عدالتی فیصلے ضمیر نہیں، آئین کے مطابق ہونے چاہئیں۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو وہ کچھ عطا کیا جو مانگا ہی نہیں گیا تھا۔ ہارے ہوئے شخص کو ناجائز فائدہ پہنچانے کیلئے آئین کو دوبارہ لکھا جارہا ہے۔
وزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے تو اپنے دورِ حکومت کے دوران آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔ آئی ایم ایف کو واپس لانے والا وہی ہے جو اڈیالہ جیل میں سزا بھگت رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








