کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

موسم خوشگوار
(فوٹو: جی این این)

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث متعدد علاقوں میں موسم خوشگوار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں آج دوپہر سے بوندا باندی، ہلکی اور موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لانڈھی، کورنگی، قائد آباد، احسن آباد اور گلشنِ حدید کے علاقوں میں موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔

گزری، ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔ شاہ لطیف ٹاؤن، اسٹیل ٹاؤن اور گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شاہ فیصل کالونی، گلستانِ جوہر اور کورنگی میں بھی بوندا باندی اور بارش جاری ہے۔

یاد رہے کہ بارش سے قبل کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہوگئیں جبکہ موسم شدید گرم رہا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں درجہ حرارت 33ڈگری ریکارڈ کیا گیا جس کی شدت 42 ڈگری تک محسوس ہوگی۔

بارش سے قبل کراچی میں گرمی کی شدت برقرار رہی، متعدد علاقوں میں درجہ حرارت میں خاطر خواہ کمی نہیں آسکی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ  آج دوپہر یا شام کے وقت کہیں کہیں بوندا باندی اور بارش کاامکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ آج خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں کہیں کہیں جبکہ شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔

Related Posts