کراچی میں سمندری ہوائیں بند ہوگئیں جبکہ موسم شدید گرم ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے شہر میں درجہ حرارت 33ڈگری ریکارڈ کیا گیا جس کی شدت 42 ڈگری تک محسوس ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت برقرار ہے، متعدد علاقوں میں بارش کے باوجود درجہ حرارت میں خاطر خواہ کمی نہیں آسکی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج دوپہر یا شام کے وقت کہیں کہیں بوندا باندی اور بارش کاامکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں کہیں کہیں جبکہ شمال مشرقی پنجاب، پوٹھوہار، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔
پیشگوئی کے مطابق جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی و بالائی سندھ میں چند مقامات پر تیز بارش بھی متوقع ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ سب سے زایدہ بارش خیبر پختونخوا کے علاقے پارا چنار میں 63 ملی میٹر، میر کھانی میں 12 جبکہ دیر میں 10 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








