سندھ حکومت نے کراچی میں پیپلز بس سروس کے 3 نئے روٹس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد شہریوں کو میسر سفری سہولیات کو پہلے سے بہتر بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پیپلز بس سروس کے 3 نئے روٹس شروع کیے جائیں گے۔ سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ 22 جولائی کو ہاکس بے سے ٹاور تک روٹ نمبر 13 کا آغاز کیا جائے گا۔
حکومت کے اعلان کے مطابق 23 جولائی سے روٹ 12 کھوکھرا پار کی بجائے قائد آباد کے راستے سے کورنگی، میمن گوٹھ اور ٹاور تک چلے گا جبکہ 24 جولائی کو بحریہ ٹاؤن سے نمائش الیکٹرک بس کا نیا روٹ ای وی 4شروع ہوگا۔
اسی طرح 25جولائی کو یوسف گوٹھ سے ٹاور تک روٹ 8 کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ نئے روٹس کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ میں اضافے کی کاوشوں کا حصہ ہیں۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ نئے روٹس کا مقصد شہریوں کو سستی، آسان اور آرام دہ سہولیات کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔ سندھ حکومت عوام کی بلا تفریق خدمت کا عزم کرچکی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پیپلز بس سروس کے مختلف روٹس پر شہریوں کی بڑی تعداد سفر کرتی نظر آئی، تاہم بڑھتی ہوئی آبادی کے پیشِ نظر مزید بسوں کی ضرورت ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے نئی بسیں لائیں گے اور نئے روٹس کا آغاز کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








