کراچی میں سیوریج ملا پانی پینے سے ہیضے کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے، طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ ہیضے کی وبا آلودہ پانی پینے کے باعث پھیلتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیضے کے پھیلاؤ کے باعث جناح ہسپتال میں روزانہ 70 سے 80 مریضوں کے جسم میں ہیضے کی تشخیص ہورہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ زیادہ تر مریضوں کو پیٹ کا انفیکشن لاحق ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جناح ہسپتال میں ہیضے کے عام طور پر 30 سے 40 مریض روز آتے ہیں، تاہم 70 سے 80 کی تعداد معمول سے دو گنا ہے جس کی سب سے بڑی وجہ آلودہ اور سیوریج ملا پانی پینا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کے آغاز سے ہی ہیضے کے کیسز بڑھ رہے ہیں جبکہ بارشوں کے دوران ہیضے کی بیماری مزید پھیل جانے کا خدشہ ہے۔ عوام غیر معیاری غذا اور مشروبات سے گریز کریں۔
ڈاکٹرز ہیضے جیسے موذی مرض سے بچاؤ کیلئے عوام کو صاف پانی پینے، صابن سے ہاتھ دھونے، صفائی کا خیال رکھنے اور صاف ستھرے پانی سے غسل کرنے کی تاکید کرتے ہیں۔ آلودہ پانی کے استعمال سے ہر حال میں گریز ضروری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








