میرے پاس تم ہو سمیت متعدد ٹی وی سیریلز کے ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کو مبینہ طور پر اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا، میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اغواء کاروں نے خلیل الرحمٰن قمر سے تاوان وصول کیا اور پھر چھوڑ دیا۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر کو چند روز پہلے اغواء کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ اغواء کاروں کے ایک گینگ نے معروف ڈرامہ نگار کو اغواء کیا، تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر لاکھوں روپے تاوان وصول کیا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ خلیل الرحمٰن قمر نے اغواء اور تشدد کا مقدمہ درج کرانے کی بجائے قانونی کارروائی کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے۔ اغواء کیے جانے کے بعد معروف ڈرامہ نگار کی جانب سے پولیس کو مقدمے کی درخواست بھی موصول نہیں ہوئی۔
ایک اور میڈیا رپورٹ کے مطابق خلیل الرحمٰن قمر نے ایک اعلیٰ پولیس افسر کے ذریعے پولیس کو زبانی اطلاع دے دی تاہم معروف ڈرامہ نگار قانونی کارروائی نہیں چاہتے جبکہ پولیس مبینہ طور پر ان کو قانونی کارروائی کیلئے راضی کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
خیال رہے کہ خلیل الرحمٰن قمر کو ڈرامہ نگار کے ساتھ ساتھ ایک ناقد کے طور پر بھی شہرت حاصل ہوئی ہے اور انہوں نے مختلف ٹی وی پروگرامز میں شرکت کے دوران منفرد قسم کے تبصروں سے مختلف اخبارات کی شہ سرخیوں میں جگہ بھی بنائی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








