واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ صدر جوبائیڈن کے صدارتی الیکشن سے دستبردار ہونے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جوبائیڈن کبھی امریکی قوم کی خدمت کے لائق نہیں تھے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا کے موجودہ صدر رواں برس ہونے والے صدارتی الیکشن کی دوڑ سے باہر ہوگئے جس پر ردِ عمل دیتے ہوئے اپنے ایک بیان میں مخالف امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دھوکے باز جوبائیڈن کسی صورت بطور صدارتی امیدوار اہل نہیں تھے۔
بیان میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جوبائیڈن کبھی بطور صدر امریکی قوم کی خدمت کے لائق نہیں تھے۔ جوبائیڈن جھوٹ اور جعلی خبروں سے اوول آفس تک پہنچے۔ قریبی لوگ، ڈاکٹرز اور میڈیا واقف تھے کہ جوبائیڈن صدر بننے کے قابل نہیں۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یاد رکھیں جوبائیڈن نے بطور صدر امریکا کو کس طرح کے نقصانات پہنچائے؟بائیڈن کی وجہ سے لاکھوں بغیر چیکنگ کے، سرحد پار کرکے امریکا آرہے ہیں جن میں مجرم، ذہنی مریض اور دہشت گرد بھی شامل ہیں۔
صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جوبائیڈن کی صدارت کی وجہ سے ہمیں بڑے نقصانات ہوں گے۔ ہم بہت جلد جوبائیڈن کے باعث ہونے والے نقصانات کی تلافی کریں گے۔ آئیں اور امریکا کو دوبارہ عظیم ترین قوم بنائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








