وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، متعدد مقامات پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ آج صبح سویرے ملک کے مختلف شہروں میں بارش ہوئی جن میں راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، جہلم، نارووال، سرگودھا، مظفر آباد اور شکر گڑھ شامل ہیں۔
جہلم اور گوجرانوالہ میں موسلا دھار بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ دونوں شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آجانے کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ شکر گڑھ، مظفر آباد اور نارووال میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ وادئ نیلم، مری اور بھمبر میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مشرقی اور جنوبی بلوچستان کے علاوہ زیریں سندھ میں بھی آندھیاں اور جھکڑ چلنے کا امکان ہے۔ چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








