معروف بین الاقوامی اسپورٹس کمپنی ایڈیڈاس کا بائیکاٹ کیوں کیا جا رہا ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو عالمی میڈیا

غزہ کی جنگ دسویں مہینے میں داخل ہوچکی ہے، جہاں بہت سی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں اس جنگ کے ضمنی اثرات کی زد میں آچکی ہیں، وہاں اب کھیلوں کا سامان بنانے والی معروف بین الاقوامی کمپنی ایڈیڈاس بھی اس فہرست میں شامل ہوگئی ہے۔

کھیلوں کے ساز و سامان کے معروف برانڈ ایڈیڈاس نے فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید کو اپنی ایک تشہیری مہم سے الگ کیا ہے جس پر کمپنی تنقید کی زد میں ہے اور سوشل میڈیا پر بعض حلقے اس کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بیلا جدید جوتوں کے ایک اشتہار کا حصہ تھیں مگر ایڈیڈاس کی جانب سے انھیں اس کا حصہ بنانے پر کچھ اسرائیلی تنظیموں نے غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

جرمنی میں اسرائیلی سفارتخانے نے یہاں تک کہا تھا کہ بیلا حدید ’ماضی میں یہود مخالف خیالات پھیلاتی رہی ہیں اور انھوں نے لوگوں کو یہودیوں اور اسرائیلیوں کے خلاف تشدد پر اُکسایا ہے۔’

جرمنی میں قائم اسپورٹس ویئر کمپنی ایڈیڈاس نے کہا کہ بیلا حدید کی شمولیت پر اسرائیلی تنقید کے بعد وہ اپنی مہم پر نظر ثانی کر رہی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ‘ہم اس بات سے آگاہ ہیں کہ المناک تاریخی واقعات سے روابط بنائے گئے ہیں، حالانکہ یہ مکمل طور پر غیر ارادی ہیں اور ہم کسی پریشانی یا تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔’

اسرائیل کی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پر اس مہم میں بیلا حدید کے ہونے پر شدید تنقید کی جبکہ یہودی امریکی کمیٹی نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں اسے ‘ایڈیڈاس کی سنگین غلطی’ کہا اور اسے ‘دور کرنے’ کا مطالبہ کیا۔

ایڈیڈاس نے 1972 کے اولمپکس کو یاد کرتے ہوئے جو اشتہار اپنے تمام پلیٹ فارمز کے ساتھ ساتھ نیویارک میں ٹائمز اسکوائر کے بل بورڈ پر لگایا تھا اس میں حدید کو ٹرینرز پہنے ہوئے گل دستے کے ساتھ دکھایا گيا تھا۔

ایڈیڈاس کی جانب سے اسرائیلی دباو کے سامنے جھکنے پر اب اسرائیل مخالف اور فلسطین حامی دنیا نے ایڈیڈاس کا بائیکاٹ شروع کر دیا ہے۔ ساتھ ہی دوسری طرف بیلا حدید بھی ایڈیڈاس کو عدالتوں میں گھسیٹنے کیلئے پر تول رہی ہیں۔

Related Posts