لاہور: پنجاب حکومت نے دفعہ 144 نافذ کردی جس کے تحت صوبے میں جلسے جلوس اور ریلیوں سمیت متعدد اقدامات پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ دفعہ 144 کے تحت جلسے جلوس، ریلیوں، دھرنوں، احتجاج اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے تحت ملک کے سب سے زیادہ گنجان آباد صوبے میں جلسے جلوس پر 3روز تک کیلئے پابندی عائد کی گئی ہے جس کا اطلاق کل سے ہوگا۔
صوبائی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پابندی کا اطلاق 26 جولائی بروز جمعہ سے 28 جولائی بروز اتوار تک ہوگا۔ پابندی کا مقصد امن وامان کا قیام، انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بناناہے۔
حکومت کاماننا ہے کہ دہشت گردی کے خطرات کے باعث لگائی گئی پابندی عوامی اجتماع کو روکتی ہے تاکہ عوام دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ نہ بن سکیں۔ تمام تر پابندیوں کا کل سے ہونے والا اطلاق اتوار تک جاری رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








