الیکشن کمیشن نے 39اراکین کی پی ٹی آئی سے وابستگی تسلیم کرلی

تازہ ترین

تازہ ترین

پی ٹی آئی
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 39 اراکین قومی اسمبلی کی پی ٹی آئی سے وابستگی تسلیم کرلی ہے۔ تمام اراکین نے کمیشن کو تحریکِ انصاف سے وابستگی کا سرٹیفکیٹ جمع کرایا تھا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے کاغذاتِ نامزدگی میں تحریکِ انصاف سے وابستگی کا سرٹیفکیٹ دینے والے 39 اراکین کا نوٹیفکیشن ویب سائٹ پر جاری کیا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن 12جولائی کے فیصلے کے تحت جاری ہوا ہے۔

حال ہی میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کمیشن اجلاس کی صدارت کے دوران 39اراکین کا نوٹیفکیشن ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کے فیصلے کی توثیق کی تھی۔ نوٹیفکیشن میں اسد قیصر، علی خان، جنید اکبر، محبوب شاہ، مجاہد علی اور شہرام خان کی پی ٹی آئی سے وابستگی تسلیم کی گئی۔

الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں فضل محمود خان، علی انور، ارباب امیر ایوب، شیر علی ارباب، شاندانہ گلزار، سید شاہ احد علی شاہ، آصف خان، نسیم علی شاہ، شاہد خان، اسامہ احمد، شیر افضل مروت، علی افضل ساہی، اور شفقت عباس کو تحریکِ انصاف کے قومی اسمبلی رکن کے کامیاب امیدوار قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن مین رائے حیدر علی خان، نثار احمد، چنگیز احمد خان، رانا عاطف، خرم شہزاد ورک، محمد علی سرفراز، رائے حسن نواز خان، لطیف کھوسہ، زین قریشی، عامر ڈوگر، ممتاز مصطفیٰ، رانا محمد فراز نون، عنبر مجید، شبیر علی قریشی اور زرتاج گل وزیر کو بھی تحریکِ انصاف کا کامیاب امیدوار قرار دیا گیا ہے۔

اس سے قبل 12 جولائی کو سپریم کورٹ نے سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا اور مخصوص نشستیں تحریکِ انصاف کو دینے کا حکم جاری کیا تھا۔

Related Posts