بجلی کے بل عوام کیلئے بڑی مشکل، مریم نواز نے مسئلے کا حل بتا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

مریم نواز
(فوٹو: ڈان امیجز)

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بجلی کے بل عوام کیلئے بڑا مسئلہ ہیں، صوبے کے بہت سے لوگ بجلی کے بل افورڈ نہیں کرسکتے۔

ایک تقریب سے خطاب کے دوران مسئلے کا حل بتاتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ لوگوں کی تنخواہ کا بڑا حصہ بجلی کے بل بھرنے پر لگ جاتا ہے۔ ایسے صارفین جو 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرتے ہیں، حکومت ان کیلئے سولر سسٹم لارہی ہے۔ منصوبہ 45لاکھ صارفین کیلئے ہوگا۔

خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف  نے کہا کہ مجھے شکایات ملیں کہ رمضان پیکیج غریبوں کی جگہ وڈیروں کو دیا جارہا ہے۔ اندازہ ہوا کہ ہمارے پاس تو ڈیٹا ہی نہیں ہے۔ پنجاب کی 13 کروڑ آبادی کس کس سوشیو اکنامک کیٹگری میں ہے، معلوم نہیں۔

تقریب سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا ڈیٹا بھی اَپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔ افسوس، کسانوں کے متعلق بھی مستند ڈیٹا موجود نہیں۔ بہت سے کسان اپنی زمین کی 12، 12 ایکڑ تقسیم کرکے رجسٹریاں کروا چکے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت اپنا گھر اسکیم شروع کرنے والی ہے۔ مجھے علم نہیں کہ پنجاب کے کتنے لوگ اپنے ذاتی گھر میں رہتے ہیں اور کتنے بے گھر ہیں۔ ہم معلومات اور ڈیٹا کے بغیر کیسے فیصلے کرتے ہیں، سمجھ میں نہیں آتا۔ فیصلہ سازی کیلئے ڈیٹا بہت اہمیت کا حامل ہے۔

Related Posts