کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں تشویشناک بلوچ پل حادثہ کے بعد متعدد افراد ٹینکر سے بہنے والا تیل جمع کرتے رہے۔ عوام کی بے حسی نے کارحادثے کا شکار لوگوں کی بھی پرواہ نہیں کی۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق بلوچ کالونی پل پر جیٹ فیول سے بھرا ٹینکر کار پر الٹنے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد ٹینکر سے سڑک پر بہنے والے فیول کو جمع کرنے جاپہنچی اور کار پر ٹینکر الٹ جانے کے بعد حادثے کا شکار افراد کو بچانے کی کوشش نہیں کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عوام نے موٹر سائیکلز اور سوزوکی پک اپ میں پلاسٹک کے ڈرم بھی لاد لیے۔ فیول جمع کرنے والے افراد سڑک پر بہنے والا پیٹرول کپڑے کی مدد سے جذب کرکے نچوڑ کر ڈرموں میں بھرنے کی کوشش کرتے نظر آئے جس پر پولیس حرکت میں آگئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک نوجوان جس نے پشت پر بیگ لٹکا رکھا تھا، اس نے چھوٹی بوتل میں پیٹرول بھرنے کے لیے اپنی جان کی پروای کیے بغیر الٹنے والے ٹینکر سے نکلنے والے پیٹرول سے پلاسٹک کی بوتل بھرنے کی کوشش کی جبکہ پولیس نے واقعے کے دوران ایکشن لے لیا۔
سندھ پولیس نے لاٹھی چارج کرکے سڑک پر بہنے والا پیٹرول جمع کرتے ہوئے لوگوں کو منشتر کردیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ایسے ہی ایک حادثے کے دوران عوام کی بڑی تعداد پیٹرول جمع کرنے پہنچ گئی تھی جس کے بعد ہونے والی آتشزدگی نے سیکڑوں آنکھیں اشکبار کردیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








