مردان: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے وفاقی حکومت کو ایک اور دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں وفاقی حکومت سے پیسہ نکال کر رہوں گا۔
تفصیلات کے مطابق مردان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ عمران خان اور ہمارا کردار سب کے سامنے ہے۔ ہم نے کبھی اقتدار کیلئے سیاست نہیں کی۔ ہم نے آئین کی پاسداری کی، وفاقی حکومت نے آئین توڑا۔
گفتگو کے دوران وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ معاشی حوالے سے ملک کے حالات اچھے نہیں۔ ملک میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں عوام کو ریلیف دیا تھا۔ہمارے دور میں پیٹرول کی قیمت بہت کم تھی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ وفاقی حکومت اندر کچھ اور باہر کچھ اور ہے۔ ان کا یہی کردار ہے۔ ہمارا اور ہماری پارٹی کا کردار سب کے سامنے ہے۔ ہماری حکومت نے 2 بڑے صوبوں میں الیکشن کرانے کیلئے آئینی طورپر اسمبلیاں تحلیل کیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میں حکومت سے پیسہ نکال کر رہوں گا اور پیسہ لگا کر بھی رہوں گا۔ اپیکس کمیٹی میں اداروں کی موجودگی میں چیزیں منظور ہوئیں۔ جو کچھ منظور ہوا، اس کے منٹس آگئے ہیں۔ جو پالیسی بنی ہے، اس پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








