بخارسٹ: وزیراعظم ہنگری وکٹر اوربن نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مستقبل میں عالمی طاقتوں میں شامل ہوگا۔ بین الاقوامی نظام بڑی تبدیلی کی جانب جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رومانیہ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم ہنگری نے کہا کہ عالمی نظام بدل رہا ہے، اور یہ عمل ایشیا سے شروع ہوگا۔ مستقبل میں بین الاقوامی طاقت مغربی ممالک سے مشرق اور روس کی جانب منتقل ہوجائے گی اور اگلی کئی دہائیوں یا شاید صدیوں تک ایشیا دنیا کا غالب مرکز بنے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم وکٹر اوربن نے کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتیں انڈونیشیا، پاکستان، بھارت اور چین ہوں گی۔ سابقہ عالمی نظام بھی 500برسوں پر محیط رہا، مغرب کی توقعات کے برعکس ہر ملک آج روس کی حمایت کرتا نظرآتا ہے۔آج چین شمالی کوریا، ایران اور بھارت سے اچھے تعلقات رکھتا ہے۔
خطاب کے دوران وزیراعظم ہنگری نے کہا کہ امریکا کے اتحادی ممالک نیٹو کا رکن ہونے کے باوجود آج ترکیہ بھی روس کا ساتھ دے رہا ہے۔ مسلمان ممالک روس کو دشمن کی بجائے اتحادی سمجھنے لگے ہیں۔ دنیا کا بڑا مسئلہ مغربی ممالک کی کمزوری اور ٹوٹ پھوٹ ہے جس پر مغربی میڈیا بات نہیں کرتا۔
وزیراعظم ہنگری نے کہا کہ مغربی میڈیا روس اور اس سے لاحق خطرات کو دنیا کا خطرہ قرار دینا غلط ہے۔ روسی قیادت ملکی مفاد میں منطقی فیصلے کرتی ہے۔ آج وقت امن کی سیاست کا ہے لیکن مغرب کا رویہ حقیقی یا حالات سنبھالنے والا نہیں ہے اور اب یورپ کو ہوش سے کام لینا ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








