پنجاب کے علاقے سرگودھا خوشاب روڈ پر حادثے کا شکار ہونے والے بھکاری کی جیب سے لاکھوں روپے اور غیر ملکی ویزے نکل آئے۔
پولیس حکام کے مطابق بھکاری کی جیب سے نکلنے والی رقم کی مجموعی مالیت 5 لاکھ روپے سے زائد تھی، جبکہ جیب سے نکلنے والے پاسپورٹ پر بیرون ملک کے ویزے بھی لگے تھے۔
ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے بتایا کہ معمر شخص خوشاب روڈ پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔ ریسکیو عملہ نے طبی امداد فراہم کرکے اسپتال منتقل کیا۔
اس دوران تلاشی لی گئی تو معمر شخص کی جیب سے 5 لاکھ 34 ہزار روپے برآمد ہوئے جبکہ اس سے ملنے والے پاسپورٹ پر سعودی عرب کے متعدد ویزے بھی لگے ہوئے تھے۔
ریسکیو اہلکاروں اور مقامی افراد کا کہنا ہے کہ معمر شخص مشتاق احمد کا تعلق مبینہ طور پر بھیک مانگنے والے گینگ سے ہے۔ ریسکیو عملے نے طبیعت میں بہتری کے بعد بھکاری کے پیسے اور پاسپورٹ اس کو واپس لوٹا دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








