مہنگائی گزشتہ 3 سال میں سب سے کم ہوگئی، بلال اظہر کیانی

تازہ ترین

تازہ ترین

بلال اظہر کیانی
(فوٹو: اے پی پی)

اسلام آباد: کنوینئر پارلیمانی ٹاسک فورس بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح گزشتہ 3سال میں سب سے کم ہوگئی ہے۔ حکومت کے اقدامات سے مہنگائی کم ہورہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران کنوینئر پارلیمانی امور نے کہا کہ حکومت مہنگائی میں کمی، عوام کے وسائل میں اضافہ، روزگار دینا اور عوامی قوتِ خرید میں اضافے کو اوّلین ترجیح دے رہی ہے۔

کنوینئر پارلیمانی امور نے کہا کہ 2013 سے 2018 تک نواز شریف نے ملک کو ترقی دی، لوڈ شیڈنگ ختم کی، غربت میں کمی لائے اور مہنگائی میں کمی کرکے روزگار میں اضافہ کیا۔ 2018 میں نواز شریف حکومت چھوڑ گئے تو مہنگائی کی شرح 3.9فیصد پر تھی۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ اس وقت کھانے کی اشیاء کی مہنگائی 2.3فیصد تھی لیکن ترقی بھی ہوئی تھی اور آئی ایم ایف کا پروگرام بھی مکمل ہونا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف ایف بی آر میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں، جس سے ٹیکس کا نظام بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس ادا کرنے والوں کو آسانی فراہم کی جائے گی۔ ٹیکس نہ دینے والے ادائیگی کریں گے، اس سے دوسروں پر پڑنے والا بوجھ کم ہوگا، معیشت کا پہیہ چلنے لگے گا۔ وزیراعظم بجلی کے نظام میں بھی اصلاحات لانے والے ہیں۔

بجلی کے سارے نظام کو بدلنے پر غور ہورہا ہے۔ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کا پورا اسٹرکچر بدلا جائے گا۔ بجلی کی پیداوار، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے اخراجات کم کیے جائیں گے، اس سے بجلی کی قیمت کم ہوجائے گی۔

Related Posts