جعلی حکومت کے نمائندوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔بیرسٹر سیف

تازہ ترین

تازہ ترین

بیرسٹر سیف
(فوٹو: جی این این)

پشاور: مشیر اطلاعات کے پی کے بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کے نمائندوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، صوابی جلسے نے مخالفین کے اوسان خطا کردئیے۔

اپنے ایک بیان میں ترجمان خیبر پختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے صوابی کے جلسے کو جعلی حکومت کے خاتمے اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کی نوید قرار دیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی سربراہی میں جلسے نے مخالفین کے اوسان خطا کردئیے۔

بیان میں مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوابی جلسے نے ثابت کیا کہ عمران خان عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں ار لاکھوں کی تعداد میں عوام صوابی جلسے میں شریک ہوئے جو جعلی حکومت کیلئے آخری وارننگ ہے۔ جعلی حکومت اپنا انجام سوچ لے۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت سوچ لے کہ صوابی جلسے کا مجمع اسلام آباد کا رخ کرلے تو کیا ہوگا؟ صوابی سے اسلام آباد صرف ڈیڑھ گھنٹے کے فاصلے پر ہے۔عوامی طوفان کی لہریں اسلام آباد کے ایوانوں سے ٹکراجائیں گی۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کے نمائندوں کو کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور جعلی سلطنت پاش پاش ہوجائے گی۔ شریف خاندان لندن بھاگنے کیلئے ایک بار پھر تیاری کرلے۔

Related Posts