اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت آج ہوگی۔ میگا کرپشن کیش حتمی مراحل میں داخل ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز استغاثہ کے آخری گواہ مقدمے کے تفتیشی آفیسر ڈپٹی ڈائریکٹر نیب میان عمر ندیم کی شہادت پر جزوی جرح مکمل کی گئی تھی۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 14 گواہوں کی شہادتیں غیر ضروری قرار دے کر ترک کردیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ کے 34گواہوں پر جرح مکمل ہوئی جبکہ آخری گواہ پر جرح آج مکمل ہوجائے گی۔ وکلائے صفائی کیس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج بھی جرح جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کی جاچکی ہے۔ جس پر عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل ظہیر عباس چوہدری پیش ہوئے تھے۔
ظہیر عباس چوہدری اور ساتھی وکیل عثمان گل نے بشریٰ بی بی کیلئے مقدمے میں بریت کی درخواست کا دفاع کیا جبکہ نیب کی طرف سے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ مقدمے کی پیروی کر رہے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








