کراچی میں مزید بارش ہوگی، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر میں موسلا دھار بارش کا زیادہ امکان نہیں تاہم ہلکی پھلکی بوندا باندی اور وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ جمعرات اور جمعہ کو تیز ہوائیں چلیں گی اور وقفے وقفے سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش ہوگی۔ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں کا رخ کر رہی ہیں۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا جس کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی پھلکی بارش جاری رہے گی۔ سندھ سمیت ساحلی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
جمعرات کو کراچی کا درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جبکہ کل جمعہ کے روز شہر کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری تک جاسکتا ہے۔ حیدر آباد میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری جمعرات اور 34 سے 36ڈگری تک جمعہ کو رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا جبکہ سکھر اور موہنجو دڑو میں شدید گرمی کے ساتھ درجہ حرارت 39ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ نواب شاہ اور دادو میں بھی درجہ حرارت 38ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
شہرِ قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 72فیصد رہا۔ حیدر آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 61فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








