کراچی میں تاجر برادری مہنگی بجلی اور ٹیکس کے خلاف سراپا احتجاج

تازہ ترین

تازہ ترین

تاجر برادری
(فوٹو: آن لائن)

کراچی میں تاجر برادری مہنگی بجلی اور ٹیکس کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ تاجر رہنماؤں نے آج بجلی کے بھاری بھرکم بلز کے خلاف مظاہرے کی کال دے دی۔

تفصیلات کے مطابق تاجر برادری نے آج کراچی میں اور مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر احتجاج کی دھمکی دی ہے۔ سہ پہر 4 بجے کراچی کے علاقے صدر کے ریگل چوک پر حکومت پر دباؤ ڈالنے کیلئے احتجاج کیا جائے گا۔

منگل کے روز تاجررہنماؤں عتیق میر، رضوان عرفان، محمود حامد، جمیل پراچہ اور شریف میمن نے اہم اجلاس کے بعد ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 3 روز تک شٹر ڈاؤن ہڑتال کریں گے۔

چیئرمین کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا کہ ہم حکومت کو اپنے بچوں کو فاقہ کشی پر مجبور نہیں کرنے دیں گے، اپنے بچوں کو بھوکا نہیں مرنے دیں گے۔ حکومت کی پالیسیاں تاجروں کو انتہائی غربت اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور کررہی ہیں۔

صدر کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز رضوان عرفان نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی کے بھاری بھرکم بلز عوام اور تاجروں کو تھمانے کی پالیسی پر غور کرے۔ بصورتِ دیگر حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں گے۔

Related Posts