راولپنڈی: نشانِ حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے قوم کے جانثار سپوت میجر طفیل محمد شہید کا 66واں یومِ شہادت ملی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے جس نے مشرقی پاکستان میں لکشمی پور سیکٹر میں بہادری کی داستان رقم کردی۔
تفصیلات کے مطابق میجر طفیل محمد شہید نے مشرقی پاکستان میں لکشمی پور کا فاتح بن کر دشمن کے دانت کھٹے کیے۔ نشانِ حیدر کا اعزاز پانے والے قوم کے دوسرے سپوت ہیں ، آپ نے وطن کی حرمت پر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کردی جسے ہمیشہ ملک کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
ملک کے تاریخی شہر ہوشیارپور میں میجر طفیل محمد شہید 22 جولائی سن 1914ء میں پیدا ہوئے جبکہ پنجاب ریجمنٹ میں 1943ء میں کمیشن حاصل کیا۔ سن 1947ء میں قیامِ پاکستان کے بعد آپ کے خاندان نے پاکستان ہجرت کی جس کے بعد طفیل محمد نے پاک فوج جوائن کرلی۔
پاک فوج میں ملک کیلئے بے لوث خدمات سرانجام دینے والے میجر طفیل محمد کو بجا طور پر ایک قابل اور ذمہ دار آفیسر سمجھا گیا۔ ایک انسٹرکٹر کی حیثیت سے آپ نے قوم کیلئے بے شمار سپاہیوں کو تیار کیا اور انہیں وطن پر جان دینے کیلئے زبردست تربیت بھی دی۔
قیام پاکستان کے کچھ ہی عرصے بعد پچاس کی دہائی میں جب بھارت نے مشرقی پاکستان میں پیش قدمی شروع کی تو میجر طفیل محمد کمپنی کمانڈر کے طور پر ایسٹ پاکستان رائفلز میں تعینات ہوئے۔ آپ اپنے ونگ کے ہمراہ بھارتی چوکی کے عقب میں جا پہنچے اور دشمن پر حملے کیلئے تیار ہوگئے۔
بھارتی چوکی پر حملہ کرنے کیلئے پہلے سے تیار میجر طویل محمد نے چوکی کے عقب سے صرف 15 گز کے فاصلے سے دشمن پر حملہ کردیا جس پر دشمن نے جوابی حملہ کیا اور مشین گن فائرنگ شروع ہو گئی۔فائرنگ سے میجر طفیل محمد زخمی ہوگئے تاہم آپ نے اپنی پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھا۔
دشمن کی فائرنگ کی پرواہ نہ کرتے ہوئے میجر طفیل محمد شہید نے ایک دستی بم پھینکا جس سے بھارتی مشین گن ناکارہ ہوگئی اور آپ نے لکشمی پور سیکٹر کا فاتح بن کر تاریخ رقم کردی۔ آپ نے لکشمی پور میں بھارتی چوکیوں کا صفایا کردیا اور ملک کی آخری دم تک حفاظت کی۔
شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہونے پر میجر طفیل محمد کو فاتحِ لکشمی پور کا اعزاز بھی دیا گیا۔صدر مملکت فیلڈ مارشل ایوب خان نے میجر طفیل مھمد کو فاتح لکشمی پور کا اعزاز دیا اور آپ کی خدمات کے اعتراف میں پاک فوج کا سب سے بڑا اعزاز نشانِ حیدر بھی عطا کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








