اسلام آباد: وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو کسی حادثے سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔ حکومت اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت اداروں کے ساتھ اور ادارے ریاست کے ساتھ ہیں۔ عمران خان ملک کی اساس کے خلاف ہیں اور قومی اداروں پر حملہ آور ہیں۔
گفتگو کے دوران مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ شخص ملک کو کسی حادثے کا شکار کرنا چاہتا ہے، لیکن اب اگر دوبارہ کسی 9 مئی جیسے حادثے کی وجہ بن گیا تو پہلے کی طرح ڈھیل نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان خاطر جمع رکھیں، اگر وہ یہاں ہیں تو ہم بھی یہاں ہیں۔ اگر کوئی صورتحال بنتی ہے تو ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ 9 مئی سانحے میں ملوث ملزمان کا ٹرائل نہ ہونے کی وجہ عدالتی نظام ہے۔
مشیر سیاسی امور نے کہا کہ عدالتی نظام بار بار حکمِ امتناع دے دیتا ہے۔ اگر تحریکِ انصاف کے لوگوں کو رہائی دی جارہی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ جرائم میں ملوث نہیں تھے۔ عمران خان خود بھی معاملات کو الجھا رہے ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ابھی تو سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں کے حوالے سے فیصلہ سامنے نہیں آسکا۔ کل تک شیخ مجیب الرحمٰن عمران خان کی نظر میں ایک ہیرو تھا، جو آج زیرو ہوگیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








