تنخواہ کا ٹیرف کم کریں، جاگیرداروں پر ٹیکس لگائیں۔امیر جماعت اسلامی

تازہ ترین

تازہ ترین

امیر جماعت
(فوٹو: فرنٹیئر پوسٹ)

راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنخواہ کا ٹیرف کم کریں، غریبوں پر نہیں بلکہ جاگیرداروں پر ٹیکس لگائیں۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے ملک میں لینڈ ریفارمز لائی جائیں۔ ملک میں پہلے ہی بغاوت اور غم و غصے کی صورتحال ہے، عوام اور اداروں کے مابین فاصلوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

خطاب کے دوران امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ فاصلے بڑھتے ہیں تو فساد بڑھتا ہے، ہم عوام کو مزید کسی ایسی چیز میں مبتلا کرنے کے حق میں نہیں، لیکن حکومت اسے ہماری کمزوری سمجھے تو ایسا نہیں ہے۔ آج دھرنے کے چودھویں روز ہمارے مطالبات واضح ہیں۔

امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ حکومت آئی پی پیز کو لگام دے، تنخواہ دار کا ٹیرف کم کرے۔ بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے۔ پاکستان میں ایک ہی طبقے کو استثنیٰ کیوں حاصل ہے؟ ایک غریب تو موبائل کے فون کارڈ پر ٹیکس ادا کرتا ہے لیکن جاگیردار ٹیکس ادا نہیں کرتا، تو ملک کیسے چلے گا؟

حافط نعیم الرحمٰن نے کہا کہ تنخواہ دار کو 368ارب روپے ٹیکس دینا پڑتا ہے اور جاگیردار پورے پاکستان میں صرف 5ارب روپے جمع کرواتا ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کو ریلیف دیا جائے۔ بڑے جاگیرداروں کو ٹیکس نیٹ میں لائیں اور ان سے ٹیکس وصولی یقینی بنائی جائے۔ جاگیرداروں کو زمینیں انگریزوں نے دی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ زمینیں جاگیرداروں نے محنت سے حاصل نہیں کیں۔ آج ان کی اولادیں مزے کررہی ہیں۔ سیاست اور سماج پر گرفت بھی ان ہی وڈیروں کی ہے۔ دولت، معیشت، زراعت، فصلیں اور ملیں ان ہی جاگیرداروں کی ہیں۔ اس طبقے نے محنت سے نہیں کمایا۔ زمینیں کسانوں میں تقسیم ہونی چاہئیں۔

Related Posts