معروف بالی ووڈ اداکار اور منا بھائی ایم بی بی ایس میں سنجے دت کے ہمراہ سرکٹ کا رول نبھانے والے فنکار ارشد وارثی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے باعث گھر کا ماحول خراب ہے کیونکہ بچے 3،3 دن کمرہ نہیں چھوڑتے۔
تفصیلات کے مطابق اداکار ارشد وارثی کے بچے ٹین ایچ کو پہنچ چکے ہیں اور بالی ووڈ میں سخت محنت کے ساتھ اداکاری کرنے والے ارشد وارثی اپنے بچوں سے نالاں ہیں۔ ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ارشد وارثی نے اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔
انٹرویو کے دوران ارشد وارثی نے کہا کہ بچوں کو یہ بات بعد میں سمجھ میں آئے گی۔ میں نے اپنے بچوں سے ایک بات سنی ہے کہ ہم اس وقت باہر نہیں جارہے۔ سوشل میڈیا بچوں کے دماغ پر منفی اثرات مرتب کررہا ہے جس میں جنسی مسائل بھی شامل ہیں۔
اداکار ارشد وارثی نے کہا کہ سوشل میڈیا بچوں کو ہر چیز کی طرف جانے کیلئے اکساتا ہے۔ لڑکے کو کہا جاتا ہے کہ پہلے لڑکی اور پھر لڑکے کے ساتھ بھی ٹرائی کرو۔ آپ کو یہ کرنے یا وہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے جبکہ حقیقی زندگی اس کے برعکس ہے۔
ارشد وارثی نے کہا کہ ہر وہ چیز جو زمانوں سے چلی آرہی تھی، ہمارے ماں باپ نے سکھائی، جو معمول ہے، وہ ساری چیزیں غلط ہیں۔ یہ سارے مسائل مکمل طور پر سوشل میڈیا کے باعث جنم لے رہے ہیں۔ بدقسمتی سے بچوں کو کافی عرصے بعد جا کر ان باتوں کا پتہ چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصے بعد سوشل میڈیا سے متاثرہ نسل یہ جان سکے گی کہ وہ غلط تھے۔ کبھی کبھی وہ کچھ دنوں کیلئے خود کو اکیلا اور تنہا کرلیتے ہیں اور مجھ سے بات نہیں کرتے اور یہ نئی نسل میں پایا جانے والا غلط رجحان ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








