اسلام آباد: گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہم لیپ ٹاپ اور مفت راشن دینے کا سلسلہ جاری رکھیں گے، عوام کی خدمت کا جو وعدہ کیا تھا، پورا کرکے دکھایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کامران ٹیسوری نے کہا کہ مجھے وزیراعظم شہباز شریف، صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کا اعتماد حاصل ہے۔
گفتگو کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عام شہریوں کیلئے کھلے ہیں، گورنر ہاؤس کو یونیورسٹی بنائیں گے، یہ دعویٰ کسی اور نے کیا تھا۔ ہم نے تو جو وعدہ کیا، وہ پورا کرکے بھی دکھا دیا ہے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ لیپ ٹاپ اور مفت راشن بانٹنے کا سلسلہ جاری رہے گا، جب تک گورنر ہوں، عوام کی خدمت جاری رکھوں گا۔ حیدر آباد میں آئی ٹی یونیورسٹی کی تعمیر کیلئے کام جاری و ساری ہے۔
دریں اثناء ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جگہ نیا گورنر لانے کی خبروں کو افواہ قرار دیا اور کہا کہ ہم نے کسی سے کوئی بات نہیں کی، کوئی مشاورت بھی نہیں ہوئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








