پاکستان کو 40سال بعد طلائی تمغہ جتوانے والے ارشد ندیم کی وطن واپسی، شاندار استقبال

تازہ ترین

تازہ ترین

ارشد ندیم
(فوٹو: جیو، ڈیلی پاکستان)

پاکستان کو پیرس اولمپکس میں 40سال بعد طلائی تمغہ جتوانے والے ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے جن کا ائیرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ارشد ندیم پیرس سے ترکیہ کے راستے لاہور پہنچے جن کی پرواز رات 1 بج کر 25 منٹ پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اتری۔ طیارے کو واٹر کینن کا سلیوٹ پیش کیا گیا۔ ہزاروں مداحوں نے ارشد ندیم کا وطن واپسی پر شایانِ شان استقبال کیا۔

عوام کی بڑی تعداد ائیرپورٹ پر پہنچ گئی، درجنوں افراد نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور قومی ہیرو پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقعے پر وفاقی وزیر احسن اقبال، چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود، خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ خواجہ نے ارشد ندیم کو خوش آمدید کہا۔

ارشد ندیم کے والد نے بیٹے کو گلے لگا کر پھولوں کے ہار پہنائے۔ لاؤنج مین سعد رفیق، عظمیٰ بخاری اور دیگر رہنماؤں نے بھی ارشد ندیم کو ہار پہنائے۔ اس موقعے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے قوم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ ملک کیلئے گولڈ میڈل جیتا۔

گفتگو کے دوران ارشد ندیم نے کہا کہ میری کامیابی کے پیچھے طویل سفر ہے، میڈل حاصل کرنے کیلئے دن رات محنت کی، حکومت کا سہولیات کیلئے شکر گزار ہوں۔ پنجاب اسپورٹس بورڈ اور دیگر کا بھی ممنون ہوں، ڈائمنڈ لیگ میں بہت اچھی پرفارمنس رہی۔

ارشد ندیم نے کہا کہ میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کا لگایا گیا پودا ہوں۔ والدین، قوم اور میڈیا نے عزت دی، اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا بھی شکر گزار ہوں۔ اولمپکس میں گولڈ میڈل کی جیت پر بہت خوشی ہے، آنے والے ایونٹس کیلئے بھرپور تیاری کرنی ہے۔

Related Posts