کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش سے موسم خوشگوار

تازہ ترین

تازہ ترین

بارش

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے آسمان پر بادلوں کے ڈیرے ہیں، صبح سویرے ہونے والی ہلکی پھلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق صبح سویرے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جن میں بہادر آباد، گلشنِ اقبال، پرانی سبزی منڈی، کشمیر روڈ اور طارق روڈ شامل ہیں۔ صدر، لائنز ایریا، ایم اے جناح روڈ اور برنس روڈ پر بھی بوندا باندی ہوئی۔

کراچی کے علاقے گلشنِ حدید، اسٹیل ٹاؤن، شاہ لطیف ٹاؤن، بھینس کالونی، قائد آباد، لانڈھی، کورنگی، قیوم آباد اور ڈیفنس کے علاقوں میں بھی ہلکی پھلکی بارش اور بونداباندی سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، وسطی پنجاب، مشرقی سندھ، بالائی خیبر پختونخوا، مشرقی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا جبکہ آج آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، پنجاب، پوٹھوہار، اسلام آباد، شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان میں بارش کا امکان ہے۔

ماہرین موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق جنوب مشرقی اور بالائی سندھ اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

Related Posts