کراچی: سندھ کے تاریخی شہر حیدر آباد میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی نے بجلی چوری کا مقدمہ 4 سال قبل انتقال کر جانے والے یونس مسیح پر درج کرادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حییدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کا نیا کارنامہ سامنے آگیا۔ پولیس آنجہانی یونس مسیح کی گرفتاری کیلئے پہنچی تو اہلِ خانہ نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش کردیا۔ پولیس ٹیم حیرت کا اظہار کرکے واپس آگئی۔
تاہم آنجہانی یونس مسیح کی بیوہ اپنے شوہر پر مقدمہ درج ہونے پر پریشان ہوگئی ہیں جو اکتوبر 2020 میں علالت کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ بجلی چوری کا مقدمہ رواں ماہ 3اگست کو حیدر آباد کے تھانہ قاسم آباد میں درج کیا گیا تھا۔
یونس مسیح کی بیوہ نے نجی ٹی وی اینکر کو آگاہ کیا کہ ان کے مرحوم شوہر پر بجلی چوری کا جھوٹا پرچہ کاٹا گیا ہے۔ پولیس گھر پر پہنچی کہ ان کو گرفتار کرلیا جائے اور مجھے شوہر کی ضمانت کرانے کا کہا جارہا ہے۔ حکومت ہمارے ساتھ انصاف کرے۔
قبل ازیں سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں سیپکو حکام نے ڈھائی سالہ بچے پر بجلی چوری کا مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس کو مقدمہ درج ہونے کے بعد بچے کی عمر کا پتہ چلا، تاہم کیس منسوخ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا جاسکا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








