موسلا دھار بارش، گلیشئر پھٹ سکتے ہیں، سیلاب آسکتا ہے، این ڈی ایم اے

تازہ ترین

تازہ ترین

سیلاب
(فوٹو: واشنگٹن پوسٹ)

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش ہوگی، اس دوران گلیشیئر پھٹ سکتے ہیں، سیلاب بھی آسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کی حالیہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشیئر پھٹ سکتا ہے جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارش ہوگی۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر گلگت بلتستان اور کے پی کے کے چند مقامات پر سیلابی صورتحال، گلیشیئر پھٹنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات ہیں جبکہ 12 اگست تک دیر، سوات، کوہستان اور استور میں موسم خراب ہوسکتا ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلگت، اسکردو، غانچی اور شگر میں بھی موسمی صورتحال خراب ہوسکتی ہے۔ غذر کی کرم پار جھیل اور بد سوات جھیل، بگروٹ ویلی کی ہنارچی جھیل اور دیگر جھیلوں میں گلیشیئر پھٹنے سے سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔

خراب موسمی صورتحال کے باعث این ڈی ایم اے نے مقامی آبادی اور سیاحوں کو متاثرہ علاقوں میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ آزاد کشمیر، پنجاب، مری، راولپنڈی، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین اور دیگر شہروں میں بارش ہوگی۔

Related Posts