ریکارڈ ہولڈر کوہ پیما مراد سدپارہ براڈ پیک سر کرنے کے بعد گر کر لاپتہ

تازہ ترین

تازہ ترین

گلگت بلتستان: پاکستان کے مشہورومعروف ریکارڈ ہولڈر کوہ پیمامراد سدپارہ براڈ پیک سرکرنے کے بعد گر کر لاپتہ ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ریکارڈ ہولڈر کوہ پیما مراد سد پارہ نے 8 ہزار 51میٹر بلند دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی سر کی جو قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں واقع ہے۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ واقعہ مراد سدپارہ کی بیس کیمپ کی جانب واپسی کے دوران پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق مراد سدپارہ براڈ پیک کامیابی سے سر کرنے کے بعد بیس کیمپ کی جانب واپس آرہے تھے کہ ان کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ ڈی سی شگر ویلی نے مراد سدپارہ کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ ڈی سی شگر نے بھی حادثے پر تشویش کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر شگر نے کہا کہ کوہ پیما مراد سدپارہ براڈ پیک سر کرنے کے بعد واپس آتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے۔ مراد سدپارہ کو ریسکیو کرنے کیلئے آرمی ایوی ایشن سے رابطہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل مراد سدپارہ بوٹل نیک پر کوہ پیما محمد حسن کی لاش نیچے لانے کے مشن میں شریک ہوئے تھے۔

ریسکیو مشن میں حصہ لینے والے مراد سدپارہ نے محمد حسن کی میت کو بیس کیمپ سے ہیلی کاپٹر پر روانہ کرنے کے بعد براڈ پیک سر کرنے کیلئے اپنی مہم جوئی کا آغاز کیا تھا۔ مراد سدپارہ گزشتہ برس ہی ایک ہفتے میں دو بار نانگا پربت سر کرکے ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔

Related Posts