ڈھاکہ: سابق وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ واجد نے فرار کے بعد پہلا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا تختہ امریکا نے الٹ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ بنگلہ دیش نے ائیر بیس قائم کرنے کیلئے سینٹ مارٹن کا جزیرہ نہیں دیا، حکومت کا تختہ پلٹنے کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے جس نے جزیرہ نہ دینے پر یہ اقدام اٹھایا۔
سابق وزیراعظم بنگلہ دیش نے بیٹے کی جانب سے اپنے مستعفی نہ ہونے کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے استعفیٰ دے دیا ہے تاکہ مجھے لاشوں کا جلوس نہ دیکھنا پڑے۔ وہ لوگ لاشوں پر اقتدار حاصل کرنا چاہتے تھے۔
خیال رہے کہ طلبہ تحریک کے باعث بنگلہ دیشی وزیراعظم مستعفی ہوگئی تھیں۔ شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ میں نے کسی کو لاشوں پر اقتدار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی۔ اپنے ملک کے باشندوں سے میری درخواست ہے کہ شدت پسندوں کے بہکاوے میں نہ آئیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کی مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بیٹے کا کہنا تھا کہ میری والدہ نے وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا ہے، بلکہ وہ تو بنگلہ دیش بھی چھوڑنا نہیں چاہتی تھیں۔ سابق وزیراعظم حسینہ واجد نے بنگلہ دیش چھوڑنے کی خواہش پر کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








