اسلام آباد: حکومت نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) سے ادویات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے جبکہ یہ اختیار نئے بورڈ کو دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ صحت کے حکام نے ادویات کی قیمتیں م تعین کرنے کیلئے نیا ادارہ بنانے کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار نئے بورڈ کو حاصل ہوگا۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جان بچانے والی ادویات سمیت مختلف دواؤں، انجکشنز اور طبی سازوسامان کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ ادویات بنانے والی کمپنیوں کی تمام تر توجہ اپنی ادویات کی مدد سے زیادہ سے زیادہ منافعے کے حصول پر مرکوز ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکام نے کہا کہ ڈریپ سے ادویات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر واپس لیا جارہا ہے اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں ایک کمیٹی کو پروپوزل کی تیاری کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر قانون کی سربراہی میں کام کرنے والی کمیٹی پروپوزل کی تیاری میں مصروف ہے۔ وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ڈریپ صرف جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں کا تعین کررہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








