پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں نویں جماعت میں فیل ہونے پر بھائی نے بہن کو قتل کردیا جبکہ ایک اور افسوسناک واقعہ گوجرانوالہ میں پیش آیا جہاں 10سالہ بچی آنکھ مچولی کھیلتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق نویں جماعت میں فیل ہونے پر بھائی نے بہن کو قتل کیا۔ اوکاڑہ پولیس کا کہنا ہے کہ نویں جماعت میں فیل ہونے پر بہن بھائی کا جھگڑا ہوا جس کے دوران بھائی نے بہن پر فائرنگ کی جو گولی لگنے کے باعث جاں بحق ہوگئی ہے۔
واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ملزم کی تلاش شروع کردی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو پکڑنے کیلئے چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔ ملزم کی شناخت سمیت دیگر معلومات سامنے نہیں آسکیں۔
دوسری جانب گوجرانوالہ میں آنکھ مچولی کھیلتے ہوئے 1 گھنٹے تک آٹے کے ڈرم میں بند رہنے کے باعث 10 سالہ بچی دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گوجرانوالہ کے علاقے الیاس کالونی میں پیش آیا۔
ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے کہ 2 بہنیں گھر میں آنکھ مچولی کھیل رہی تھیں کہ اس دوران ایک بہن گھر کی دوسری منزل پر پڑے آٹے کے ڈرم میں جا کر چھپ گئی جو لاک ہونے کے باعث بچی کا دم گھٹ گیا اور وہ جاں بحق ہوگئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








