کراچی: عوام پاکستان پارٹی کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک کا اصل مسئلہ آئی پی پیز نہیں بلکہ معیشت کی ناکامی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت چلانے کیلئے عوام کو آگے رکھنا ہوگا، عوام کے بنیادی حقوق پورے کیے جائیں۔ تمام مسائل کا حل آئین میں ہے، سیاستدان آئین کی جانب واپس آئیں۔
تقریب سے خطاب کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ضروری ہے کہ عوام کو بجلی، پانی، گیس، روزگار اور صحت کی سہولیات دی جائیں، کسی بھی معاملے کا حل معجزاتی نہیں ہوتا، مسائل کو حل کرنے کیلئے کام کرنا پڑتا ہے۔
خطاب کے دوران شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کا آئین توڑنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔ اصل مسئلہ آئی پی پیز نہیں، معیشت کی ناکامی ہے، معیشت خراب اس وقت ہوتی ہے جب الیکشن چوری کیے جائیں۔
دوسری جانب پارٹی کے آگنائزنگ سیکریٹری مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اگر آئی پی پیز بند ہوں تو اس سے کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ بجلی کے گھریلو بلز پر ٹیکس ختم کردیں۔ وفاق کو 450 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز ختم کرنا ہوں گے۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ قوم پرست رہنما غربت سے فائدہ اٹھا کر قوم کو تقسیم در تقسیم کرتے ہیں۔ مسئلہ قومیت نہیں، صرف غربت ہے۔ خیال رہے کہ مفتاح اسماعیل اور شاہد خاقان عباسی دونوں نے مسلم لیگ (ن) سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








