اسلام آباد: ملک کی تمام سیاسی اپوزیشن جماعتوں کے قائدین حکومت کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوگئے ہیں۔ گرینڈ اپوزیشن الائنس کا اجلاس شروع ہوگیا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کا اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے اجلاس کی میزبانی کی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، شبلی فراز اور اسد قیصر نے شرکت کی۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے قائدین مولانا فضل الرحمٰن، محمود اچکزئی، لیاقت بلوچ اور غفور حیدری بھی شریک ہوئے۔ جی ڈی اے کے صفدر عباسی اور بی این پی کے ساجد ترین نے بھی اجلاس میں اپنی شرکت یقینی بنائی۔
اجلاس کے دوران اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ ہم حکومت کو جمہوریت، آئین اور عوام سے مزید کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔ اپوزیشن قائدین نے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کیلئے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کرلیا۔ خیال رہے کہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنما مقدمات بھگت رہے ہیں۔
کیا حکومت بدلنے والی ہے؟
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس حکومت کی تبدیلی کی طرف اشارہ بھی ہوسکتا ہے جبکہ گزشتہ روز سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی کہا تھا کہ حکومت سامان باندھ رہی ہے، انٹرویوز شروع ہوگئے اور ستمبر میں ٹیکنو کریٹ حکومت آجائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








