پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ کو مفت پلاٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے جن میں فوجی اور سول اداروں کے اہلکار شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے آج محکمہ ہاؤسنگ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ خیبر پختونخوا میں آن ڈیوٹی شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ کو مفت پلاٹس دئیے جائیں گے۔
اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلے کے تحت پولیس، ریسکیو اور دیگر صوبائی محکموں کے آن ڈیوٹی شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلِ خانہ کو مفت پلاٹس دئیے جائیں گے۔ پاک فوج اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے شہدا کے ورثاء کو بھی پلاٹس ملیں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے پشاور، ایبٹ آباد اور دیگر شہروں میں شہدا کے اہلِ خانہ کیلئے مفت پلاٹس کی الاٹ منٹ جلد کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری ہاؤسنگ اسکیمز میں دستیاب 500 پلاٹس سے آغاز کیا جائے۔
دورانِ اجلاس وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ شہدا کے ورثاء کو پلاٹس دینے کا مقصد اہلِ خانہ کی معاشی امداد کرنا ہے۔ شہدا نے ملک کیلئے جو قربانیاں دیں، ان کا کسی صورت بدلہ نہیں چکایا جاسکتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








