وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ارشد ندیم کے گھر آمد، 10کروڑ کے چیک کے علاوہ کیا انعام دیا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

ارشد ندیم
(فوٹو: ڈیلی پاکستان)

میاں چنوں: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پاکستان کو 40سال بعد گولڈ میڈل دلانے والے جیولین تھروور ارشد ندیم کے گھر پہنچ گئیں، وزیر اعلیٰ نے ارشد ندیم کو انعام کے طور پر 10 کروڑ کا چیک اور کار بھی دی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے قافلے کے ہمراہ گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ ارشد ندیم سے ملاقات کیلئے ان کے آبائی گھر میاں چنوں پہنچیں جس کیلئے وزیر اعلیٰ نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سفر کیا۔ مریم نواز کی ارشد ندیم سے ملاقات ہوئی۔ اس موقعے پر ارشد ندیم کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے۔

مریم نواز کے ہمراہ صوبائی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے ارشد ندیم کو 10 کروڑ کا چیک اور کار بھی انعام میں پیش کی۔ وزیر اعلیٰ نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل دلانے پر انعام دینے کا اعلان کیا تھا،  اور مریم نواز نے اپنا وعدہ آج پورا کردیا ہے۔ارشد ندیم اور اہلِ خانہ نے بھی مریم نواز کا استقبال کیا۔

وزیر اعلیٰ نے ارشد ندیم کی والدہ رضیہ پروین کو گلے لگایا اور ارشد ندیم کی تاریخ ساز جیت پر مبارکباد بھی دی۔ مریم نواز نے ارشد ندیم کی والدہ کو ساتھ بٹھا کر کافی دیر تک گفتگو کی۔ ارشد ندیم کے اہلِ خانہ کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔ مریم نواز نے ارشد ندیم کو ہنڈا سوک کار پی اے کے 92.97کی چابی پیش کی۔

یہی نہیں، بلکہ مریم نواز نے ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بھی 50 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کو بے مثال خوشی سے آشنا کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے ہمراہ مریم اورنگزیب، فیصل ایوب کھوکھر، ذیشان ملک، ثانیہ عاشق، عامر حیات ہیراج بھی موجود تھے۔

اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ  اے آئی جی ساؤتھ، سیکریٹری سپورٹس، ڈپٹی کمشنر اور دیگر بھی موجود تھے۔تحائف پیش کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم اور اہلِ خانہ سے طویل وقت تک گفتگو اور حال احوال کے بعد لاہور واپسی کا سفر اختیار کر لیا۔

Related Posts